ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری غش کھا کر گرپڑے

ورنگل میں یوم تاسیس تقریب کے موقع پر دوران تقریر واقعہ
حیدرآباد 2 جون ( پی ٹی آئی ) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کڈیم سری ہری آج ورنگل شہر میں ایک تقریب کے دوران تقریر کرتے ہوئے غش کھا کر گر پڑے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاست میں شدت کی گرمی کے سبب وہ دوران تقریر غش کھا گئے ۔ یہ تقریب تیسرے یوم تاسیس تلنگانہ کے سلسلہ میں منعقد کی گئی تھی ۔ کڈیم سری ہری نے پولیس پریڈ گراونڈ پر منعقدہ پریڈ کی سلامی لی اور تقریر کرتے ہوئے اچانک شہ نشین پر گرپڑے ۔ تاہم سکیوریٹی اہلکار جو ان کے پیچھے کھڑے تھے فوری حرکت میں آگئے اور انہیں نیچے گرنے سے روک دیا ۔ ورنگل کے پولیس کمشنر جی سدھیر اببو نے کہا کہ 9.35 بجے صبح جب ڈپٹی چیف منسٹر تقریر کر رہے تھے انہوں نے قدرے غشی محسوس کی اور گرپڑے ۔ وہ ابھی نیچے گر ہی رہے تھے کہ وہ اور دوسرے پولیس عہدیدار ان تک پہونچے اور انہیں سنبھالا ۔ جب وہ غش کھا گئے تھے انہیں کار تک منتقل کیا گیا اور او آر ایس دیا گیا ۔ اس کے بعد ڈاکٹرس نے ڈپٹی چیف منسٹر کا معائنہ کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بعد میں ہوش میں آگئے ۔ اندرون پانچ منٹ وہ دوبارہ شہ نشین پر پہونچے اور اپنی تقریر مکمل کی ۔ کمشنر پولیس نے فون پر پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی ۔ مسٹر کڈیم سری ہری نے بعد میں تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ رنگا رنگ کلچرل پروگرام کا مشاہدہ بھی کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر وہاں سے اپنے گھر گئے اور تقریبا ایک گھنٹہ آرام کرنے کے بعد انہوں نے ورنگل کے مختلف علاقوں میں منعقدہ دوسرے پروگراموں میں بھی شرکت کی ۔ ڈاکٹرس کی ایک ٹیم نے ان کے معائنے بھی کئے ۔