ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کو چارمینار کے خوبصورت ماڈل کا تحفہ

پرانے شہر کے ہونہار طلبہ کی ستائش ، حکومت سے ممکنہ امداد کا تیقن
حیدرآباد۔5مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر کے بی ٹیک طلبہ کے تیار کردہ چار مینار کا مشاہدہ کرنے کے بعد نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے مذکورہ طلبہ کی ناصرف ستائش کی بلکہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے کی ہر ممکن امداد کااعلان بھی کیا۔ آج یہاں منسٹر کوارٹرس ‘ بنجارہ ہلز میںپرانے شہر کے محلےآئی ٹیآئی کالونی بہادر پورہ کے ساکن بی ٹیک طلبہ سید بدر الدین اور سید عظیم الدین کی جانب سے تیارکردہ تاریخی چارمینار کے ماڈل کا مشاہدہ کرنے کے بعد انہوں نے کہاکہ پرانے شہر میںہونہار طلبہ کی کمی نہیںہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سابق میںپرانے شہر کے نوجوانوں کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پلاسٹک‘ فائبراور اکرالک میٹریل سے تاریخی چارمینار کا ماڈل تیار کرتے ہوئے پرانے شہر کے نوجوانوں نے ایک مثال قائم کی ہے۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ پرانے شہر حیدرآباد کے ہر محلے اور گلی میںایسے نوجوان موجود ہیں جن کی ہنر مندی ساری دنیا کے لئے ایک مثال ہے مگر وسائل کی کمی اور حکومت کی عدم توجہہ کے سبب ایسے نوجوان گوشہ گمنامی میں چلے گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس بات کا یقین دلایا کہ قابل اور ہونہار نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے ہر محاذ پر تعاون ملے گا بالخصوص پرانے شہر کے قابلِ اور ہونہار نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت تلنگانہ خصوصی طور پر توجہہ مرکوز کریگی۔ جناب محمد محمود علی نے چارمینار ماڈل تیار کرنے والے طلبہ کو چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو سے بھی ملاقات کروانے کا وعدہ کیا اور کہاکہ پرانے شہر کے نوجوانوں کی قابلیت اور محنت کے وزیر اعلی تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو پہلے سے ہی قائل ہیں ۔ جناب محمد محمود علی نے سید بدرالدین اور سید عظیم الدین کے تابناک مستقبل کے لئے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔