چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کو کے سی آر کا مکتوب پیش کرینگے
حیدرآباد۔/7فبروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی آج شام راجستھان کیلئے روانہ ہوگئے۔ وہ بذریعہ طیارہ جئے پور پہنچ گئے۔ اس دورہ کا مقصد اجمیر شریف میں بارگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ پر حاضری اور اجمیر میں حیدرآبادی گیسٹ ہاوز کی تعمیر کے سلسلہ میں چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سندھیا سے ملاقات ہے۔ جناب محمود علی راجستھان اور نئی دہلی میں مختلف اہم مسائل کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کیلئے روانہ ہوئے ہیں۔ پروگرام کے مطابق وہ کل 8فبروری اتوار کو بارگاہ غریب نواز ؒ میں حاضری دیں گے اور چادر گل پیش کریں گے۔ ان کے ہمراہ ان کی شریک حیات اور ان کے پوترے بھی اجمیر شریف میں حاضری دیں گے۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ پیر کے دن چیف منسٹر راجستھان وسندھراراجے سندھیا سے ملاقات کا پروگرام ہے جس میں وہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کا مکتوب حوالہ کریں گے۔ چیف منسٹر نے اجمیر شریف میں ایک ایکر اراضی الاٹ کرنے کی خواہش کی ہے جہاں 5کروڑ روپئے کی لاگت سے تلنگانہ حکومت غریب نواز ؒ گیسٹ ہاوز تعمیر کرے گی جس میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے زائرین کے قیام کی سہولت رہے گی۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ حکومت راجستھان کے عہدیداروں نے درگاہ شریف کے قریبی علاقے میں اراضی کی موجودگی کا اشارہ دیا ہے اور وہ توقع کرتے ہیں کہ چیف منسٹر راجستھان فوری طور پر اراضی کے الاٹمنٹ کی کارروائی کریں گی۔ جناب محمود علی اسی دن نئی دہلی پہنچیں گے اور تلنگانہ بھون میں قیام رہے گا۔ 10اور 11فبروری کو وہ مختلف مرکزی وزرا اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ بالخصوص اقلیتوں کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کریں گے۔ جن مرکزی وزراء سے ملاقات کا پروگرام ہے ان میں وزیر خارجہ سشما سوراج، مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نجمہ ہپتہ اللہ، مرکزی مملکتی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی، سکریٹری اقلیتی اُمور اروند مایارام ( آئی اے ایس) جوائنٹ سکریٹری راکیش موہن اور جوائنٹ سکریٹری وائی پی سنگھ شامل ہیں۔ وزیر خارجہ سے پرانے شہر حیدرآباد کے علاقہ میں پاسپورٹ آفس کے قیام کی نمائندگی کی جائے گی تاکہ 30لاکھ سے زائد پرانے شہر کی آبادی کو پاسپورٹ کے حصول اور اس سے متعلق اُمور کی یکسوئی میں مدد مل سکے۔ جناب محمد محمود علی وزیر خارجہ سے حیدرآباد میں سعودی عرب کے کونسلیٹ کے قیام کی بھی خواہش کریں گے۔ وہ نئی دہلی میں متعین سعودی عرب کے سفیر سے بھی اس سلسلہ میں ملاقات کریں گے۔ اقلیتی اُمور کے وزراء اور عہدیداروں سے ملاقات کے دوران مرکزی اسکیمات میں تلنگانہ کو زائد حصہ داری اور فنڈز کی اجرائی کی خواہش کی جائے گی۔ اوقافی جائیدادوں کی ترقی میں مرکزی گرانٹ کے سلسلہ میں یادداشت پیش کی جائے گی۔ جناب محمود علی کے ہمراہ اقلیتی بہبود تلنگانہ کے عہدیدار بھی 11فبروری کی ملاقاتوں میں موجود رہیں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور 11فبروری کو نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ جناب محمود علی 12فبروری کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرکزی اسکیمات میں اقلیتوں کیلئے زائد بجٹ کے حصول کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ مرکز کی اسکالر شپ میں تلنگانہ کے تمام درخواست گذار طلبہ کو اسکالر شپ کی منظوری کی نمائندگی کی جائے گی۔