واشنگٹن 28 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈونالڈ ٹرمپ کو امریکہ کیلئے بہترین امید قرار دیتے ہوئے ہندوستانی امریکنوں نے ایکسیاسی ایکشن کمیٹی تشکیل دے لی ہے تاکہ ریپبلکین کے امکانی دعویدار کے حق میں مہم چلائی جاسکے ۔ ہندوستانی امریکنوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسییوں سے اس برادری کا سب سے زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے ۔ اس برادری نے ایک سیاسی ایکشن کمیٹی ’ انڈین امریکنس برائے ٹرمپ 2016 ‘ تشکیل دی ہے ۔ اسکا قیام 21 جنوری کو عمل میں آیا ہے اور اسے وفاقی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کروایا گیا ہے ۔ اس کا مقصد ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے ہندوستانی امریکنوں کی تائید حاصل کرنا ہے ۔ اس کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈونالڈ جے ٹرمپ نے جو ایجنڈہ تیار کیا ہے وہ امریکی معیشت پر توجہ والا ہے جس کے نتیجہ میں امریکہ دنیا میں اول مقام حاصل کرسکتا ہے ۔ انہوں نے دہشت گردی کو شکست دینے منصوبہ تیار کیا ہے اور وہ طاقت کے بل پر امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہندوستانی امریکیوں کا ماننا ہے کہ وہ امریکہ کے آئندہ صدر بننے بہترین امید ہیں۔