حیدرآباد۔ 26 ۔ نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ شمس آباد ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کا نام آنجہانی این ٹی راما راؤ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے اور وہی نام برقرار رہے گا ۔ اس مسئلہ پر راجیہ سبھا میں کانگریس ارکان کے احتجاج کے بعد ارون جیٹلی نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹرمنل راجیو گاندھی کے نام سے برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں قابل احترام شخصیتیں ہیں لہذا حکومت نے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ٹرمنلس کے ناموں کو ان سے موسوم کیا ہے۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے ارکان نے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ایرپورٹ کا نام راجیو گاندھی کے نام سے برقرار رکھا گیا۔ اسی دوران تلگو دیشم اور بی جے پی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت نے جان بوجھ کر شمس آباد ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کا نام این ٹی آر سے موسوم نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایرپورٹ کے نام کی تبدیلی کے بارے میں غلط پروپگنڈہ کر رہی ہے۔ مرکزی وزراء اشوک گجپتی راجو اور نرملا سیتا رامن نے وضاحت کی کہ حکومت نے ڈومیسٹک ٹرمنل کا نام این ٹی آر کے نام سے موسوم کیا ہے جو سابق میں این ٹی آر کے نام سے ہی موسوم تھا ۔ حکومت نے صرف نام کا احیاء کیا ہے۔ اشوک گجپتی راجو نے کہا کہ بیگم پیٹ میں ایرپورٹ کی موجودگی کے وقت ڈومیسٹک ٹرمنل کا نام این ٹی آر سے موسوم تھا بعد میں انٹرنیشنل ٹرمنل کا نام راجیو گاندھی سے موسوم کیا گیا۔
اسی طرز پر شمس آباد ایرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمنل کو این ٹی آر سے موسوم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کی کانگریس حکومت نے جان بوجھ کر این ٹی آر کے نام کو علحدہ کرلیا اور راجیو گاندھی کے نام کو شمس آباد ایرپورٹ پر برقرار رکھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ڈومیسٹک ٹرمنل کا نام این ٹی آر سے موسوم کرتے ہوئے کوئی نیا اقدام نہیں کیا ہے بلکہ پرانے نام کا احیاء کیا ہے۔ مرکزی وزیر نرملا سیتا رامن نے وضاحت کی کہ مرکز نے ایرپورٹ کا نیا نام تجویز نہیں کیا بلکہ موجودہ نام کا ہی احیاء کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی اس مسئلہ کو غیر ضروری سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ اسی دوران ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ جی ونود کمار نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو کی سازش کے تحت شمس آباد ڈومیسٹک ٹرمنل کا نام این ٹی آر سے موسوم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی آر کے افراد خاندان کو چاہئے کہ وہ چندرا بابو نائیڈو کی سازش کو ناکام بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت گناورم میں موجود ایرپورٹ کو این ٹی آر کے نام سے موسوم کرسکتی ہے۔