ڈسپلن، وقت کی پابندی اور حاضری کامیابی کی بنیاد

شاداں ڈگری اینڈ پی جی کالج فار بوائز کے اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد

حیدرآباد ۔ 22 نومبر (پریس نوٹ) شاداں ڈگری اینڈ پی جی کالج فار بوائز کا اورینٹیشن پروگرام کا روایتی جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ پروفیسر الیاس الرحمن پرنسپل نے صدارت کی جبکہ جناب شاہد انصاری، عطاء الرحمن، گنیش داس اور مسز اسلیشاہ نے شہ نشین پر موجود تھے۔ پروفیسر الیاس الرحمن نے طلباء کو کمیونکیشن اسکل، کیس اسٹڈیز، پریزنٹیشن اسکلس اور پرسنالٹی ڈیولپمنٹ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ تعلیمی دور کیریئر کا اہم ترین دور ہے، یہیں سے مستقبل کی بنیاد پڑتی ہے۔ ڈسپلن، وقت کی پابندی اور کلاسیس میں حاضری کو کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے پروفیسر رحمن نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنے وقت کا صحیح استعمال کریں۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان مرحوم بانی چیف پروموٹر شاداں گروپ تعلیمی ادارہ جات کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کی اور کہا کہ قوم و ملت کی تعلیمی ترقی کیلئے ڈاکٹر صاحب کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مینجمنٹ کے ارکان نے بھی اس موقع پر طلباء سے خطاب کیا اور ان کے تابناک مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ جناب شاہد انصاری نے بھی مخاطب کیا۔ سینئر طلباء نے سال اول کے طلباء کا خیرمقدم کیا اور ان کی رہنمائی و رہبر کا تیقن دیا۔ اورینٹیشن پروگرام میں اولیائے طلباء نے بھی شرکت کی۔ طلباء نے ڈگری کورس کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔