جے ڈی یواور اپوزیشن میں بی جے پی سے اتحاد پر ناراضگی ، اقدام موقع پرستانہ اور مکاری : اپوزیشن
چھاپرا ؍ نئی د ہلی ۔27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی کے حامیوں نے آج ضلع سارن کے مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ پولیس پر احتجاجی مظاہرہ کے دوران سنگباری کی۔ نتیش کمار کے مہاگٹھ بندھن سے ترک تعلق اور این ڈی اے کی تائید سے نئی حکومت تشکیل دینے پر بطور احتجاج یہ سنگباری کی گئی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ہری ہر پرساد اور ایس پی اونسویا ران سنگھ ساہو پر سنگباری کی گئی۔ ڈی آئی جی پولیس اجیت کمار راج نے واقعہ کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے احتجاجیوں کا تعاقب کرکے انہیں بھگا دیا۔ سڑک کی ناکہ بندی اور آر جے ڈی حامیوں کے احتجاجی جلوس پر امتناع کی اطلاعات کے باوجود حاجی پور اور بیجوسرائے کے علاوہ دیگر علاقوں سے احتجاجیوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا۔ دریں اثناء کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں نے نتیش کمار کے اقدام کو مکاری اور موقع پرستی قرار دیا۔ لالو پرساد یادو نے نتیش کمار پر موقع پرست ہونے کا الزام عائد کیا جبکہ نتیش کی پارٹی جے ڈی یو میں بھی این ڈی اے سے اتحاد کے ذریعہ حکومت تشکیل دینے کے اقدام پر ناراضگی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سابق صدر شرد یادو نے کہا کہ وہ نتیش کمار کے اس اقدام پر خوش نہیں ہیں جبکہ لکھنؤ سے موصولہ اطلاع کے بموجب بہار کی تبدیلیوں کو ’’جمہوریت کیلئے غلط اشارہ‘‘ قرار دیتے ہوئے بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے نتیش کے اقدام پر تنقید کی۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب عام آدمی پارٹی نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر ریاست میں حکومت تشکیل دینے کیلئے ’’دوہرامعیار‘‘ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ نتیش کمار نے بی جے پی کی تائید سے نئی حکومت بہار میں تشکیل دی ہے جس میں وہ دوبارہ چیف منسٹر بن گئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ بی جے پی دہلی کی کجریوال حکومت کو بھی غیرمستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔