ممبئی ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دنیا یہ سمجھتی ہیکہ صرف امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے کرکے پاکستان اور افغانستان میں ہلاکتیں کی جارہی ہیں لیکن ہندوستان میں پہلی بار ڈرون طیارہ کا استعمال کسی وزیر، کسی فلم اسٹار یا کسی بڑے صنعتکار نے نہیں کیا بلکہ ’پیزا‘ ڈیلیوری کیلئے ’’فرانسسکو پیزاریا‘‘ نامی آؤٹ لیٹ کے مالکین نے کیا جس کے بعد ان کی یہ حرکت ممبئی پولیس کی نظروں میں آ چکی ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ پولیس ایئر ٹریفک کنٹرولر سے دریافت کریگی کہ آیا پیزا والوں نے ڈرون طیارہ کے استعمال کیلئے اس کی اجازت لی تھی یا نہیں۔ جب اے ٹی سی سے رابطہ قائم کیا گیا تو پتہ چلا کہ انہیں اس کوئی علم نہیں ہے کہ پیزا والوں نے ان سے اجازت حاصل کی ہے یا نہیں۔
سات ماؤسٹوں کی خودسپردگی
کوراپٹ (اڈیشہ)۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہتھیاروں اور دھماکو اشیاء کے استعمال کیلئے درکار تربیت حاصل کئے ہوئے 7 ماؤسٹوں نے کوراپٹ ڈسٹرکٹ میں پولیس کے روبرو خودسپردگی اختیار کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ ان تمام عسکریت پسندوں نے ماؤسٹوں کی تائید والی چاسی۔ مولیا۔ ادیواسی سنگھ میں 2009ء میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور اس کے بعد ممنوعہ سی پی آئی (ماؤسٹ) کے فعال رکن بن گئے تھے۔ آئی جی پولیس یشونت کمار جیٹھوا نے بتایا کہ تمام ماؤسٹ ہتھیاروں اور گولہ بارود کے استعمال کی خصوصی تربیت حاصل کئے ہوئے تھے۔ نارائن پٹنہ اور لکشمی پور میں رونما ہوئے واقعات میں پولیس کا شبہ ہیکہ یہی ماؤسٹ ملوث رہے ہوں گے۔