ایمسٹرڈم ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیدرلینڈ کی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ آسمان پر پرواز کرنے والے غیر قانونی ڈرون طیاروں کو پکڑنے کے لیے عقابوں کو تربیت دے رہے ہیں۔ ویڈیو فوٹیج میں ایک عقاب کو ہوا میں منڈلاتے ڈرون کی جانب جھپٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ جس کے بعد عقاب نے اپنے پنجوں میں مشین کو دبوچا اور پھر اْڑ گیا۔ نیدر لینڈ کی پولیس کی جانب سے غیر قانونی ڈرونز کے تدارک کے لیے پیش کیے جانے والے مختلف اقدامات میں سے یہ بھی ایک قدم ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ عوام کی جانب سے ڈرون کے بڑھتے ہوئے استعمال کی روک تھام کی کوشش کررہے ہیں۔ عقابوں کو تربیت دینے کے لیے پولیس نے گارڈ فرام ابوو نامی کمپنی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ ماہر شکاری عقابوں کو یہ سکھایا گیا کہ وہ ڈرون کو اپنا شکار اور خوراک سمجھیں۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے ’عقاب ڈرون کو اپنا شکار سمجھتا ہے اور اسے ایک ایسے محفوظ مقام کی طرف لے جاتا ہے جہاں دیگر پرندے یا انسان اْسے تنگ نہ کرسکیں۔‘ ڈرون تیزی سے عام ہوتے جارہے ہیں اور ان کی وجہ سے کئی طیارے حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گئے ہیں۔ گذشتہ ماہ ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اس بات کے خدشات بھی ہیں کہ ڈرون میں لگے ہوئے بلیڈز سے عقاب زخمی ہوسکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ پولیس حکام بظاہر عقاب کے لیے کسی حفاظتی لباس کی تلاش کررہے ہیں۔