ڈاکٹر کے وی پی رام چندر راؤ کے اثاثہ جات کی تحقیقات کا مطالبہ

وزیر داخلہ تلنگانہ کا صدر پی سی سی تلنگانہ پر الزام، وی ہنمنت راؤ کا ردعمل

حیدرآباد /25 ستمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ڈاکٹر کے وی پی رام چندر راؤ کے اثاثہ جات کی تحقیقات کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے ان کی جائداد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ پنالہ لکشمیا ریاستی وزیر بڑی آبپاشی تھے، مگر انھوں نے کوئی بدعنوانی نہیں کی اور نہ ہی بے قاعدگیوں میں ملوث ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ عہدہ داروں نے ان کی کوئی بات نہیں سنی، جب کہ کانگریس دور حکومت کے مشیر و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے وی پی رام چندر راؤ نے سارے کام انجام دیئے، سرکاری کاموں میں مداخلت کی اور کنٹراکٹرس سے ساز باز کرکے بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث ہوئے، لہذا ان کے اثاثہ جات اور جائدادوں کی تحقیقات کی جانی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ مسٹر پنالہ لکشمیا برائے نام وزیر تھے، جب کہ عہدہ دار آنجہانی چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے حکم کے مطابق کے وی پی رام چندر راؤ کی ہدایت پر کام انجام دیتے تھے، جس کی وجہ سے تعمیری کاموں میں تاخیر اور بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ اگر تحقیقات کروائی جائیں تو ڈاکٹر کے وی پی رام چندر راؤ ہی اصل سازشی ثابت ہوں گے۔