حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) حکومت نے ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو جوائنٹ سکریٹری اسٹیٹ لیجسلیچر کو ترقی دیتے ہوئے سکریٹری تلنگانہ لیجسلیچر مقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری ایس پی سنگھ نے احکامات جاری کئے۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کیلئے سکریٹری لیجسلیچر کے طور پر ڈاکٹر ایس راجہ سدارام کی توسیع شدہ میعاد ختم ہوگئی اور یہ عہدہ مخلوعہ تھا جس پر حکومت نے ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو کا تقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر سدارام کو وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد بھی دو مرتبہ توسیع دی گئی تھی ۔ نئے سکریٹری لیجسلیچر نے اپنے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ نرسمہا چاریلو کا تعلق گدوال ضلع سے ہے اور انہوں نے پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ متحدہ آندھراپردیش اور تلنگانہ اسمبلی میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں ، جن میں ریسرچ آفیسر ، اسسٹنٹ سکریٹری ، ڈپٹی سکریٹری اور جوائنٹ سکریٹری شامل ہیں۔ وہ امریکہ ، کینیڈا ، قطر اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کرچکے ہیں۔