ڈاکٹر عبدالکلام کے آبائی مقام رامیشورم میں سوگوار فضاء

سائنس اور ٹکنالوجی کے شعبہ میں گرانقدر خدمات کو مختلف شخصیتوں کا خراج عقیدت

چینائی ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انا ڈی ایم کے سربراہ اور چیف منسٹر جیہ للیتا نے آج سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے سوگ میں ایک ہفتہ کے لیے تمام پارٹی پروگرامس منسوخ کردئیے ہیں ۔ جن کا کل شام انتقال ہوگیا ۔ انہوں نے ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ وہ مادر تامل کے ایک عظیم سپوت تھے اور ان کی سادگی اور شرافت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ محنت لگن ، عصری معلومات صلاحیت اور جذبہ ایثار و قربانی کے باعث تاریخ میں ایک بلند مقام حاصل کیا تھا ۔ دریں اثناء ڈی ایم کے سربراہ مسٹر ایم کروناندھی نے کہا کہ عبدالکلام اپنے فرائض انجام دینے میں کبھی ناکام نہیں رہے ۔

انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا بھی اظہار کیا ۔ اس موقع پر کروناندھی نے ایک نظم میں بھی تذکرہ کیا جس میں عبدالکلام کی ستائش اور تعریف کی گئی ہے ۔ کولکتہ سے ہندی فلمساز سنیلا مادھو پانڈا نے آج بتایا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ سال 2011 میں ایک فلم ’’میں کلام ہوں ‘‘ (I am Kalam) پیش کر کے نئی نسل کو ان کے پیام سے آگاہ کیا تھا ۔ اس فلم میں بتایا گیا تھا کہ ایک 10 سالہ بچہ مزدور کس طرح اپنی زندگی کو عبدالکلام کی تقریر سماعت کے بعد تبدیل کردیا تھا ۔ اس فلم کی نہ صرف زبردست ستائش کی گئی تھی بلکہ بہترین بچہ اداکار کے لیے قومی ایوارڈ بھی دیا گیا تھا ۔ مسٹر پانڈا نے یہ امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ فلم نوجوان بچوں کے لیے سرچشمہ وجدان ثابت ہوگی اور فلم کے اہم کردار ’ چھوٹو ‘ جیسے کئی بچے عبدالکلام کی طرح ہیرو بننے کی خواہش رکھتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت جلد عبدالکلام کی زندگی اور کارناموں پر ایک اور فلم بنائیں گے ۔ ممبئی میں فلمی اداکار امیتابھ بچن نے سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کی اچانک موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور بتایا کہ عبدالکلام نے سائنس مزائیل ٹکنالوجی اور خلائی تحقیقات کے عالمی نقشہ میں ہندوستان کو نمایاں مقام دلایا تھا ۔

امیتابھ بچن نے بتایا انہوں نے صدر جمہوریہ کے امیدوار کی حیثیت سے اعلان سے قبل عبدالکلام سے ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی جو کہ ہمیشہ یاد رہے گی ۔ نئی دہلی میں الیکشن کمیشن نے راے دہندگان میں شعور بیداری کے لیے ڈاکٹر عبدالکلام کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے اور بتایا کہ آزادانہ و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال میں انہوں نے عظیم رول ادا کیا تھا ۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عبدالکلام نے سال 2010 میں رائے دہندوں کے بیداری شعور پروگرام میں بہ نفس نفیس حصہ لیا تھا اور ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے علمبردار تھے ۔ رامیشورم تاملناڈو سے موصولہ اطلاعات کے بموجب سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام اپنی موت سے ایک دن قبل شیلانگ سے ٹیلی فون کر کے اپنے 99 سالہ بڑے بھائی ، محمد متھو میرا کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تھا ۔ کلام کے بھتیجہ سیلم نے بتایا کہ انہوں نے 26 جولائی کی شام ٹیلی فون کر کے اپنے بھائی اور دیگر کی خیر و عافیت معلوم کی تھی اور بتایا تھا کہ شیلانگ میں موسم انتہائی سرد ہے ۔ جہاں پر انہوں نے آخری سانس لی ہے ۔

ڈاکٹر عبدالکلام کی آخری رسومات ان کے رشتہ داروں اور عوام کی خواہش کے مطابق بندرگاہی شہر رامیشورم میں ادا کی جائے گی ۔ دریں اثنا ضلع حکام نے ریلوے اسٹیشن سے متصل ایک مسجد کے قریب قبر کے لیے اراضی کی نشاندہی کرلی ہے ۔ جہاں پر ان کی تدفین عمل میں آئے گی ۔ سابق صدر کے ایک رشتہ دار قاسم محمد نے بتایا کہ رامیشورم میں ان کی ایک یادگار تعمیر کی جانی چاہئے ۔ عظیم لیڈر کے احترام میں آج رامیشورم میں بند منایا گیا ۔ حتیٰ کہ ماہی گیروں نے آئندہ 3 دنوں تک سمندر میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دریں اثناء کلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے موم بتیوں کے ساتھ طلباء کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔ سینٹ جوزف آف کالج کے تقریبا 5000 طلباء نے آج ایک خاموش جلوس بھی نکالا ۔۔