ڈاکٹر عبدالکلام کو اے پی اسمبلی کا خراج عقیدت

حیدرآباد ۔ 31 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی نے سابق صدرجمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام مرحوم کی موت پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے ان کی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے سابق صدرجمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے انتقال پر ایوان میں تعزیتی قرارداد پیش کی ۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام مرحوم کو صدرجمہوریہ ہند عہدہ کے وقار میں اضافہ کرنے والی شخصیت سے تعبیر کیا اور کہا کہ عبدالکلام ہمیشہ نوجوان نسل میں نئی صلاحیتیں پیدا کرنے اور ان میں نئے جذبات کو اُبھارنے کی کوشش کرتے رہے ۔ چندرابابو نائیڈو نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔