ڈاکٹر سیدنا برہان الدین کی پیدائش کے دن ’ عالمی یوم روحانی ‘ عالی قدر سیف الدین سے اظہار تعزیت

ممبئی ۔ 28 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : اتحاد اُمت کے علمبردار مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے فرقہ بواہیر کے عالمی روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے کل روضہ طاہر ممبئی میں منعقدہ چہلم کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک اور ہندوستان بھر سے آئے ہوئے دو لاکھ سے زیادہ عقیدت مندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو ڈاکٹر سیدنا برہان الدین کے پیدائش کے دن کو ’ عالمی یوم روحانی ‘ کے طور پر منانے کی تجویز کو قبول کرنے کے لیے نمائندگی کی ۔

مولانا پیر نقشبندی نے کہا کہ سیدنا نے زندگی کی آخری سانس تک بندگان الہیٰ کے قلوب کو روحانیت کے سکون سے اجاگر کیا ہے ۔ انہوں نے ماہ رمضان المبارک میں چلائی جانے والی عالمی قرآنی و روحانی مہم کے لیے سیدنا کی خدمات کو خراج تحسین ادا کیا محرک مہم مولانا پیر نقشبندی نے عالی قدر سیف الدین جانشین سیدنا سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ بھی اپنے پدر بزرگوار کے اس مقدس مشن کو بھر پور عزم کے ساتھ آگے لے جائیں گے ۔ انہوں نے قرآن سے نسبت اور صاحب قرآن سرکار ؐ مدینہ سے الفت کے ساتھ داعی اہلبیت اطہار سے وابستگی کو مومن کی نجات کا باعث قرار دیا ۔ قبل ازیں مولانا پیر نقشبندی نے سیدنا کے جانشین عالی قدر سیف الدین کے بڑے بھائی شہزادہ قائد جواہر بھائی سے ملاقات کی ۔۔