ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز میں تربیت اور ملازمت کا سنہری موقع

انٹر میڈیٹ کامیاب اور 18-20 سال عمر کی شرط۔ ہفتہ کو محبوب حسین جگر ہال میں سمینار
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( نمائندہ خصوصی ) : ہمارے معاشرہ میں انٹرمیڈیٹ کامیاب ایسے بے شمار طلباء وطالبات ہیں جو رہنمائی نہ ہونے کے باعث کسی باوقار ادارے میں تربیت اور پھر ملازمت سے محروم ہیں ۔ یہ ایسے طلباء وطالبات ہیں جو چاہتے ہوئے بھی کچھ کرنے سے قاصر ہیں لیکن ایسے طلبہ کو اب فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ روزنامہ سیاست ، ہیلپنگ ہینڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے ایسے طلبہ کے لیے ملک کی مشہور و معروف ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز میں تربیت اور پھر ملازمتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے ہیں ۔ ہیلپنگ ہینڈ کے صدر نشین ڈاکٹر شوکت علی مرزا کے مطابق ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز میں تربیت اور اس کی ایس ایم ٹی سیلف مینجڈ ٹیم self Managed Team میں شمولیت کے لیے طلبہ کا انٹر میڈیٹ ( ایم پی سی یا بی پی سی ) مضامین کے ساتھ کامیاب ہونا ضروری ہے ۔ اس کے لیے اس سنہری موقع سے استفادہ کرنے کے خواہاں طلبہ کی عمر 18 تا 20 سال ہونی چاہئے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انٹر میڈیٹ میں 60 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے اور انگریزی اور تلگو لکھنے پڑھنے اور بولنے کی صلاحیت کے حامل طلباء کو ہی ترجیح دی جائے گی ۔ ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے مزید بتایا کہ یہ موقع صرف ان ہی طلبہ کے لیے ہے جنہوں نے سال 2015-16 میں انٹر میڈیٹ کامیاب کیا ہو ۔ طلبہ کو ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز کی مختلف فیکٹریوں میں تربیت فراہم کی جائے گی اس دوران معقول اسٹائیفنڈ بھی دیا جائے گا ۔ ساتھ ہی قیام و طعام کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ یہ ایسا موقع ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے طلبہ ملازمت کے ساتھ ساتھ اپنے تعلیمی سلسلہ کو بھی جاری رکھ سکتے ہیں ۔ ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز خود اس معاملہ میں طلباء وطالبات کی بھر پور مدد کرے گا ۔ اس بارے میں وہی طلبہ ربط پیدا کریں جو حقیقت میں اپنا مستقبل سنوارنے کے خواہاں ہوں اس لیے کہ ہر شعبہ میں ڈسپلن اور سنجیدگی بہت معنی رکھتے ہیں ۔ اس تربیت اور ملازمت کے بارے میں طلباء کو تفصیلی طور پر واقف کرانے کے لیے ہفتہ 30 جولائی کو صبح گیارہ بجے روزنامہ سیاست کے احاطہ میں واقع محبوب حسین جگر ہال میں سمینار کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ صرف حصول روزگار کے خواہاں طلباء وطالبات ہی اپنے نام سیاست کے ہیلپ لائن کے انچارج سید خالد محی الدین اسد سے فون نمبر 9391160364 پر ربط کرتے ہوئے درج کروائیں ۔ واضح رہے کہ ادارہ سیاست مسلم طلبہ کو اپنے دیگر ابنائے وطن کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے کی حتی المقدور کوششوں میں مصروف ہے ۔ ایسی سرگرمیوں میں اسے فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ جیسے فلاحی اداروں کا بھر پور تعاون حاصل رہتا ہے ۔ چنانچہ ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز کا یہ موقع آپ کی تقدیر بدل سکتا ہے ۔ ملازمت اور اعلیٰ تعلیم کا حصول آپ کے دونوں مقاصد پورے ہوسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات سمینار میں شرکت کرتے ہوئے حاصل کرسکتے ہیں ۔۔