ڈاکٹر ذاکر نائیک کے تعلق سے ممبئی پولیس کی رپورٹ مرکز کو روانہ

ممبئی ۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک کی مبینہ اشتعال انگیز تقاریر اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے تعلق سے ممبئی پولیس کی رپورٹ مرکز کو روانہ کردی گئی۔ حکومت مہاراشٹرا کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جاریہ ماہ کے اوائل میں چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کو یہ رپورٹ پیش کی جاچکی تھی۔ ان کے پاس داخلہ کا قلمدان بھی ہے۔ فڈنویس نے کہا تھا کہ ذاکر نائیک مبینہ طور پر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے اور انہوں نے اشتعال انگیز تقاریر کی۔ ممبئی پولیس نے 71 صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ مراٹھی میں پیش کی تھی جس کا انگریزی میں ترجمہ کیا گیا اور اسے دو دن قبل مرکزی وزارت داخلہ کے حوالے کردیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) کے بی بخشی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ رپورٹ ریاستی محکمہ قانون و عدلیہ کو بھی روانہ کی جارہی ہے اور رائے حاصل کرنے کے بعد ذاکر نائیک کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔ ذاکر نائیک نے ان کے خلاف عائد الزامات کو پہلے ہی مسترد کردیا ہے۔