ڈاکٹرس ’’جلاداور خون چوسنے والے شیطان‘‘: پپو یادو

پٹنہ۔ 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن المعروف پپو یادو نے ڈاکٹرس کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں ’’جلاد اور انسانوں کا خون چوسنے والے شیطان‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 اکتوبر سے وہ ریاست گیر احتجاج شروع کریں گے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے بھی ان میڈیکل پریکٹشنرس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جو سرکاری خدمات انجام دیتے ہوئے خانگی پریکٹس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف 10 تا 15 فیصد ڈاکٹرس ہی دیانت داری سے اپنا کام کرتے ہیں، باقی تمام جلاد اور انسانی خون چوسنے والے شیطان بن گئے ہیں۔ وہ بدعنوانیوں میں گھرے ہوئے ہیں اور ان کا طرز عمل کسی دلال کی طرح ہوتا ہے۔ وہ عوام کا پیٹ چیر کر دولت بٹورتے ہیں۔پپو یادو نے مریضوں کی بہتر طبی نگہداشت یقینی بنانے کیلئے نرسنگ ہوم ایکٹ پر عمل آوری کا بھی مطالبہ کیا۔