حیدرآباد ۔ 30جنوری ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے محکمہ صحت و طبابت میں 120 میڈیکل آفیسرس کو اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدوں پر ترقی دیتے ہوئے احکامات جاری کئے ۔ علاوہ ازیں مزید چھ سینئر ڈاکٹرس کو اڈیشنل ڈائرکٹرس محکمہ صحت و طبابت کے عہدوں پر ترقی دیتے ہوئے تعیناتی عمل میں لائی گئی ‘ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور حکومت نے ڈاکٹروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر نئے ڈاکٹرس کے تقررات عمل میں لانے کیلئے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ اعلامیہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 228 ڈاکٹرس کو دیہی علاقوں میں 100 ڈاکٹرس کو ویدیا ودھان پریشد میں اور 150ڈاکٹرس کو ڈائرکٹر محکمہ صحت کے حدود میں تقررات عمل میں لائے جانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اسی دوران میڈیکل آفیسرس کواسسٹنٹ پروفیسرس کی حیثیت سے ترقی دیئے جانے پر تلنگانہ گورنمنٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن صدر بی سرینواس ‘ سکریٹری جنرل روی شنکر و دیگر عہدیداران اسوسی ایشن نے حکومت سے اظہار تشکر کیا ۔