ڈاکٹرس اور انجینئیرس کی حوصلہ افزائی پر زور : عبدالکلام

حیدرآباد یکم / اگست ( این ایس ایس ) میزائل ٹکنالوجی کے ممتاز سائنسداں اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے آج اپنے اس تاثر کا اظہار کیا کہ ڈاکٹرس اور انجینئیرس اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ حیرت انگیز کرشمے کر دکھاسکتے ہیں ۔ بشرطیکہ حکومت کی جانب سے ان کی مناسب حوصلہ افزائی کی جائے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ’’ بائیو میڈیکل سائنسس ‘‘ کے زیر عنوان ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک کے ڈاکٹرس اور انجینئیرس اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ کرشماتی کارنامے انجام دے سکتے ہیں لیکن وہ اپنے پیشہ سے مربوط کام میں بہت زیادہ مشغول رہتے ہیں اس لئے انہیں مخصوص شعبوں پر تحقیق اور تجربے کیلئے درکار وقت نہیں مل سکتا ۔ ڈاکٹر عبدالکلام نے یونیورسٹیز کو مشورہ دیا کہ طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے کیونکہ ڈاکٹرس اور انجینئیرس کے ذریعہ ملک نمایاں ترقی کرسکتا ہے ۔