بیکانیر،26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کانگریس کے ریاستی صدر سچن پائلٹ نے ڈاٹا لیک معاملہ کو ملک کی سلامتی کے لئے خطرناک قرار دیتے ہوئے اس معاملہ کی تفتیش غیرجانب دارانہ ایجنسی سے کرانے کا مطالبہ کیا ۔ پائلٹ نے آج یہاں صحافیوں سے کہا کہ اگر ڈاٹا ایسے لوگوں کے ہاتھوں لگ گیا جو اس کا غلط استعمال کرسکتے ہیں تو ملک کو ایسے خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی سے بھی جڑا معاملہ ہو، اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے قبول کرکے اسے ٹھیک کیا جانا چاہئے ۔ اگر اس طرح سے ڈاٹا لیک ہورہے ہیں تو یہ ملک کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ ہے ۔ اس کی تفتیش ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حال میں ملکوں کی طاقت میزائلیں نہیں بلکہ ڈاٹا ہیں۔جس ملک کے پاس انفارمیشن ہے وہی طاقتور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آدھار کارڈ کو ہر چیز سے جوڑ دیں گے تو یہ ہیکنگ کے لئے راستہ ہموار کرنا جیسا ہوگا۔ہیکروں کو ایک ہی بار میں ساری معلومات فراہم ہوجائیں گی۔ ابھی جو ثبوت سامنے آرہے ہیں وہ قابل تشویش ہیں۔انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ کسانوں کو لاگت 50 فیصدمنافع دئے جانے کے بیان پر کہا کہ یہ لاگت کون طے کریگا کیونکہ ریاستوں میں الگ الگ فصلوں پر لاگت مختلف ہوتی ہے ۔ مرکزی حکومت کی ایک کمیٹی لاگت طے کرتی ہے ، اس کو مانا جائے یا بی جے پی کے عہدے داران جو لاگت طے کرتے ہیں ، اس کو مانا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کھاد ، بجلی اور تیل سب جوڑ کر لاگت طے ہوتی ہے ۔ ابھی جو وعدہ کیا گیا ہے اسے پورا کرنے کے لئے دور دور تک کوئی امید نظر انہیں آرہی ہے ۔