حیدرآباد 22 جنوری (این ایس ایس ) تلنگانہ میں سوائن فلو کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکامی اور حقائق کی پردہ پوشی پر ڈائرکٹر ہیلت سرویسز سامبا سیوا راو کو حکومت کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا ۔ آج ریاستی حکومت نے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں ڈائرکٹر ہیلت سرویسز کی ذمہ داری سے ہٹا دیا اور کمشنر فیملی ویلفیر جیوتی بدھا پرکاش کو اضافی ذمہ داری تفویض کی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے کل ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد میں سوائن فلو کے واقعات میں اضافہ پر ہنگامی کابینی اجلاس طلب کیا تھا ۔ انہوں نے صورتحال کی سنگینی اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کی لاپرواہی پر حیرت کا اظہار کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے نہ صرف یہ کہ محکمہ صحت کے عہدیداروں سے بات کی بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ایس او ایس بھی روانہ کیا تھا ۔ چیف منسٹر سمجھا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر راجیا کی کارکردگی کے انداز سے بھی مطمئن نہیں تھے جن کے پاس میڈیکل اینڈ ہیلت کا قلمدان ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو اس بات پر بھی برہم تھے کہ حقائق کی پردہ پوشی کرتے ہوئے سوائن فلو کے بارے میں انہیں تاریکی میں رکھا گیا چنانچہ ڈائرکٹر ہیلت سرویسیز سامبا سیوا راؤ حکومت کے عتاب کا شکار ہوئے اور انہیں ذمہ داری سے ہٹا دیا گیا ۔ یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیکہ چیف منسٹر ضرورت پڑنے پر ڈپٹی چیف منسٹر کے خلاف سخت کارروائی کرسکتے ہیں۔