ڈائرکٹر جنر ل پولیس آندھرا پردیش کا تبادلہ

سینئر آئی پی ایس عہدیدار گوتم سوانگ کو ڈی جی پی کا مکمل چارج
حیدرآباد 30 مئی ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھرا پردیش کی حیثیت سے حلف لینے کے چند ہی گھنٹوں بعد وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولیس آر پی ٹھاکر کا تبادلہ کردیا ہے ۔ سینئر آئی پی ایس عہدیدار و ڈائرکٹر جنرل ویجیلنس و انفورسمنٹ گوتم سوانگ کو آندھرا پردیش ڈائرکٹر جنرل پولیس کی مکمل ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل انٹلی جنس کمار وشواجیت کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے اور انہیں ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایک اور آئی پی ایس عہدیدار اے بی وینکٹیشور راو کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی ہے اور جے اے ڈی محکمہ میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے ۔