گروزنی ، 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) روسی جمہوریہ چیچنیا کے دارالحکومت میں گزشتہ روز اسلامی جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے مابین رونما ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کم ازکم بیس افراد مارے گئے ہیں۔ گروزنی میں یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں، جب دس مسلح افراد نے ٹریفک پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے شہر پر دھاوا بول دیا۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور قریبی عمارتوں میں گھس گئے۔ حکام کے مطابق بارہ گھنٹوں کی کارروائی کے بعد تمام دس جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا۔ اس دوران دس پولیس ملازمین بھی ہلاک ہوئے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتین جب گزشتہ روز ماسکو میں اپنے سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین کا خطاب کر رے تھے، اس وقت چیچنیائی دارالحکومت میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔