چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ پر یکطرفہ مقابلہ

ٹی آر ایس کا قبضہ برقرار رہے گا ، امیدوار رنجیت ریڈی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : چیوڑلہ لوک سبھا ٹی آر ایس کے امیدوار رنجیت ریڈی نے کہا کہ مقابلہ یکطرفہ ہے ۔ ٹی آر ایس اپنے قبضے کو برقرار رکھے گی وہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ وہ پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہی کامیاب ہوچکے ہیں ۔ 11 اپریل کی رائے دہی صرف ضابطہ کی کارروائی ہے ۔ رنجیت ریڈی نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی ۔ کارنر میٹنگس سے خطاب کیا ۔ خواتین اور نوجوانوں کے علحدہ علحدہ گروپس سے ملاقات کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس ہی ریاست کو ترقی دے سکتی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی مختصر سی کارکردگی کانگریس اور تلگو دیشم کی 60 سالہ کارکردگی پر بھاری ہے ۔ عوامی مقبول فلاحی اسکیمات کو متعارف کراتے ہوئے کے سی آر ہر دلعزیز چیف منسٹر بن گئے ۔ ریاست کی اسکیمات ملک کے لیے مثالی ثابت ہورہی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی کا لمبے عرصے تک مرکز پر قبضہ ہونے کے باوجود تلنگانہ کی ترقی کے لیے کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ اس لیے ان کا حلقہ چیوڑلہ اور ماباقی 15 لوک سبھا حلقوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی ضروری ہے ۔ رنجیت ریڈی نے کہا کہ 2 ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ کے سی آر علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دلا سکتے ہیں تو 16 ارکان پارلیمنٹ کی طاقت سے کیا کچھ نہیں کرسکتے ۔ مرکز میں علاقائی جماعتوں کی حکمرانی قائم ہوگی اور اس میں ٹی آر ایس کا سرگرم رول ہوگا ۔ تلنگانہ کو ترقی دینے ، فنڈز کی اجرائی ، آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تقسیم ، مسلم اور قبائلی تحفظات کو یقینی بنانے کے لیے ٹی آر ایس کا کامیاب ہونا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں وہ ٹی آر ایس کو کامیاب بنائے اور چیف منسٹر کے سی آر ریاست کو ترقی دینے کی ذمہ داری قبول کریں گے ۔۔