نئی دہلی 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین اور پاکستان کے مابین نیوکلیر معاملت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے آج کہاکہ حکومت نے چین سے یہ مسئلہ رجوع کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت اپنے قومی مفاد کے تحفظ کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ سشما سوراج نے آج لوک سبھا کو بتایا کہ ہندوستان خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور ہم مکمل چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ہم کسی کو ہندوستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ سشما سوراج نے کہاکہ حکومت ہندوستان کے سلامتی کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لئے ممکنہ اقدامات کرے گی۔ اُنھوں نے پاکستان اور چین کے مابین نیوکلیر معاملت کے پس منظر میں ملک کے مفادات کے تحفظ کے لئے حکومت کے اقدامات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر یہ جواب دیا۔ وقفہ سوالات کے دوران سشما سوراج نے کہاکہ حکومت اِس معاہدہ سے باخبر ہے کہ چین نے پاکستان کو 2 اضافی نیوکلیر پاور ری ایکٹرس سربراہ کرنے سے اتفاق کیا ہے۔