واشنگٹن ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے چین کی جانب سے کمزور معیشت کا سامنا کرنے والے ملک پاکستان کو دیئے گئے قرض سے متعلق پوری رپورٹ ’’دیانتدارانہ اور شفاف‘‘ طور پر دیئے جانے کی اپیل کی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے قانون سازوں کو انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اس وقت آئی ایم ایف سے کروڑہا ڈالرس کا بیل آؤٹ پیاکیج حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے تاکہ اس رقم سے چین کا قرض اتارا جاسکے۔ یاد رہیکہ پاکستان کی معیشت اس وقت انتہائی کمزور ہوگئی ہے اور امداد حاصل کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو مختلف ممالک سے قرض لینے کی نوبت آ گئی ہے۔ گذشتہ ماہ بھی اس نے آئی ایم ایف سے ’’اپنی ادائیگیوں میں توازن‘‘ قائم کرنے کیلئے بیل آؤٹ پیاکیج دیئے جانے کی اپیل کی تھی۔ اب صورتحال یہ ہیکہ آئی ایم ایف کی ایک ٹیم ابھی ابھی پاکستان سے واپس آئی ہے تاہم امریکہ کے انڈر سکریٹری آف ٹریژری برائے بین الاقوامی امور ڈیوڈ مالپاس نے ایک کانگریشنل سماعت کے دوران کہا کہ امریکہ کیلئے سب سے اہم بات یہ ہیکہ وہ پاکستان کے قرضوں کے بارے میں شفاف رپورٹ حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔