بیجنگ، یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام)چین میں انسانی حقوق کے کارکن اور سال 2010 ء کے نوبل امن انعام یافتہ لیو جیاؤ بو جگر کے کینسر کے آخری مرحلے میں ہیں ۔ اس کے باوجود چینی حکومت نے انہیں ملک سے باہر جاکر علاج کرانے کی اجازت نہیں دی ہے ۔ خاندان کے ذرائع کے مطابق جگر کی خرابی کی وجہ سے ان کے پیٹ میں مواد جمع ہوگیا ہے اور ان کی حالت انتہائی نازک ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ لیو جیاؤبو کی حالت اس قدر خراب ہے کہ انہیں بیرون ملک لے جایا نہیں جاسکتا ہے ۔ انہیں 2011 میں عدالت نے "ملک کے اختیارات کو کم کرنے ” سے متعلق اشتعال انگیز تقریر کرنے اور ’’چارٹر 08 ‘‘لکھنے میں مدد کرنے کے الزام میں 11 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس وقت وہ جگر کے کینسر کے آخری مرحلے میں ہیں ۔ ان کا علاج سنیانگ شہر میں کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ جمعرات کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے امریکہ، جرمن اور یوروپی یونین کے سفیروں نے چین سے ان کو بہتر علاج کے لئے بیرون ملک بھیجے جانے کی اپیل کی تھی جسے چین کی حکومت نے غیر انسانی رخ اپناتے ہوئے مسترد کردیا۔