بیجنگ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین کے ہینان صوبے کے ایک نرسنگ ہوم میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں چینی میڈیا کے مطابق کم از کم 38 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔آگ پنگڈنگشان شہر میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک خانگی نرسنگ ہوم میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت میں پھیل گئی۔اس میں چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق زخمیوں کو ہاسپٹل لے جایا گیا ہے لیکن ان میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔آتشزدگی کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے تاہم حکام کے مطابق ابھی بھی لوگوں کی تلاش اور امدادی کام جاری ہے۔چینی ٹی وی سی سی ٹی وی نے اپنے فیس بک صفحے پر آگ کی تصاویر ڈالی ہے جس میں ایک عمارت سے دھوئیں کے مرغولے اٹھتے نظر آ رہے ہیں۔یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ عمارت کسی پٹرول سٹیشن کے پیچھے ہے۔اس سے قبل چین کے جنوب مشرقی صوبے میں ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے سبب خوفناک آتشزدگی ہوئی تھی۔اس سے بھی قبل چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر ہوئی ڈونگ میں ایک شاپنگ سنٹر میں آتشزدگی سے کم از کم 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔چین میں آتش فرو انتظامات بہت ناقص ہیں ۔ بیشتر اہم تجارتی شاپنگ مالس میں آتش فرو آلہ تک دستیاب نہیں رہتا ۔