بیجنگ ؍ ہانگ کانگ ۔ یکم اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کمیونسٹ چین کے قومی دن کے موقع پر بروز چہارشنبہ ہانگ کانگ میں منعقد کی جانے والی ایک سرکاری تقریب کے موقع پر جمہوریت پسند مظاہرین نے نعرے بازی کی اور بیجنگ نواز چیف ایگزیکٹو لیونگ چُن یِنگ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ دہرایا۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ہانگ کانگ سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیاسی وسیع تر اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے ہزاروں مظاہرین نے مسلسل تیسری رات بھی سڑکوں پر احتجاج کرتے گزاری اور چہارشنبہ کی صبح ہانگ کانگ میں کمیونسٹ چین کے قومی دن کے موقع پر منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب کے دوران اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس تقریب میں چین کے خود مختار علاقے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو لیونگ چُن یِنگ بھی شریک ہوئے۔ کمیونسٹ چین کے 65 ویں قومی دن پرہانگ کانگ میں بھی دو روزہ تعطیل منائی جا رہی ہے۔