چین کے تعاون سے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا نواز شریف کے ہاتھوں افتتاح

اسلام آباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان جہاں اس وقت توانائی کی شدید قلت ہے، اسے آج اس وقت بڑی راحت حاصل ہوئی جب چین کی سرپرستی والے 340 میگاواٹ نیوکلیئر پلانٹ جو صوبہ پنجاب میں واقع ہے، کا افتتاح وزیراعظم نواز شریف کے ہاتھوں عمل میں آیا جنہوں نے ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل کرنے کے لئے اس پراجیکٹ کو ایک سنگ میل قرار دیا۔ میانوالی ڈسٹرکٹ کے چشمہ میں واقع اس پلانٹ کو چشمہ۔3 پلانٹ سے موسوم کیا گیا ہے جہاں چشمہ IV بھی زیرتعمیر ہے۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ سے مکمل نجات کے لئے سی۔ 3 کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ پاکستان اور چین کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔