چین کی مسجد میں مہلک بھگدڑکیلئے 4 عہدیدار برطرف

بیجنگ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین کے 4 سرکاری عہدیداروں کو برطرف اور ایک عہدیدار کو گرفتار کرلیا گیا کیونکہ وہ ملک کے شمال مغربی علاقہ کی ایک مسجد میں مہلک بھگدڑ میںمبینہ طور پر ملوث تھے جس میں 14 افراد ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہوگئے۔مہلک بھگدڑ سندایات بیڑا کی مسجد میں اُس وقت ہوئی جب کہ مسلمانوں میں غذا تقسیم کی جارہی تھی جو یہاں ایک مرحوم مذہبی رہنما کی برسی کے موقع پر جمع ہوئے تھے۔ بھگدڑ میں 14 افراد بشمول 2 بچے کچلے گئے اور ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 10 افراد زخمی ہوگئے۔ 3 عہدیداروں کو ملک کے بیورو برائے مذہبی اُمور کے ڈائرکٹر کے بشمول برطرف کردیا گیا۔ ڈائرکٹر انتظامیہ کمیٹی بیڑا مسجد نے اِس اجتماع کا اہتمام کیا تھا اُنھیں گرفتار کرلیا گیا۔ کمیٹی کے بموجب بھگدڑ کی وجہ ناقص انتظامات تھے ۔ چین میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ مسلم آبادی ہے۔ اِن میں بیشتر ہوئی مسلم ہیں اور زیادہ تعداد ہن برادری سے تعلق رکھتی ہے۔ اِن کی تعداد 16 لاکھ ہے۔ باقی مسلمانوں میں ایغور نسل کی مسلم برادری شامل ہے جو ترکی نژاد ہیں اور صوبہ ژن جیانگ میں آباد ہیں ۔ اِن بڑے مسلم طبقات کے علاوہ دیگر کئی چھوٹے چھوٹے مسلمانوں کے طبقے بھی چین میں موجود ہیں۔

وزیر توانائی امریکہ ہرنیس مونیز کا دورۂ ہند منسوخ
واشنگٹن 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر توانائی امریکہ ہرنیس مونیز کا آئندہ ہفتہ مقرر اہم دورۂ ہند منسوخ کردیا گیا ہے کیونکہ سینئر ہندوستانی سفارت کار کی ویزا فراڈ کے الزام میں گرفتاری کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ ہند۔ امریکہ توانائی مذاکرات میں توقع تھی کہ مونس ایک وفد کی قیادت کریں گے۔ اِس کانفرنس میں نمایاں پیشرفت اور توانائی کے شعبہ میں باہمی تعاون کا امکان تھا۔ امریکی شیل گیاس کی ہندوستان کو درآمد کرنے کا معاہدہ مقرر تھا۔ دفتر خارجہ امریکہ کے ترجمان جین ساکی نے کہاکہ دونوں ممالک کے لئے سہولت بخش تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔ جبکہ امریکی وزیر توانائی ہندوستان کا دورہ کرسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس معاہدہ کی دونوں ممالک کیلئے انتہائی اہمیت ہے۔