چین کی فوج 25 کیلومیٹر ہندوستانی حدود میں داخل

لیہہ ؍ نئی دہلی۔ 18 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )چین کی فوج لداخ کے برتھسے علاقہ میں تقریباً 25 تا 30کیلومیٹر ہندوستانی حدود میں داخل ہوگئی ۔ گزشتہ سال یہاں چینی فوج نے اپنے خیمے نصب کئے تھے جس کی وجہ سے تقریباً تین ہفتے کشیدگی برقرار رہی ۔ سرکاری ذرائع نے آج بتایا کہ ہندوستانی فوج نے گشت کے دوران دیکھا کہ پیپلز لبریشن آرمی کا عملہ کل ہندوستانی علاقے برتھسے میں نقل و حرکت کررہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی چوکی سے تقریباً 1.5 کیلومیٹر دور چینی فوج کو دیکھا گیا جو ہندوستانی علاقے یعنی حقیقی خطہ قبضہ سے 25 تا 30 کیلومیٹر اندر ہے۔ ہندوستانی فوج نئے طریقہ کار کی تعمیل کرتے ہوئے اپنے ٹھکانہ پر واپس ہوگئی۔ جب فوج دوبارہ گشت کرتے ہوئے یہاں پہونچی تو دیکھا کہ نئے فوجی اڈے پر چینی فوج اب بھی موجود ہے اور پرچم تھامے ہوئے تھی جس پر لکھا تھاکہ ’’یہ چین کا علاقہ ہے ، واپس چلے جاؤ ‘‘ ۔ گشتی ٹیم کے ساتھ کوئیک ری ایکشن ٹیم بھی پہونچ گئی ، لیکن چین کی فوج نے اپنا موقف بدلنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق ہندوستانی سپاہی آخرکار اپنے ٹھکانے پر واپس ہوگئے اور انھوں نے اعلیٰ عہدیداروں کو اس سے مطلع کردیا ۔ اودھم پور کے فوجی ترجمان کرنل ایس ڈی گوسوامی نے ایسے کسی واقعہ کی تردید کی لیکن ہندوستان اور چین کے مابین مشترکہ حقیقی خطہ قبضہ کے بعض ایسے مقامات ہیں جن کے حدود غیر واضح ہیں ۔