بیجنگ ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کمیونسٹ ملک چین نے اب ایغور مسلمانوں کے لئے یہ لازم قرار دیا ہیکہ وہ اپنی مساجد پر قومی پرچم لہراتے ہوئے اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیں اور اسے مزید فروغ دینے میں اہم رول ادا کریں۔ حکومت سے ملحقہ چائنا اسلامک اسوسی ایشن نے مسلم ائمہ کے لئے ایک ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ مساجد میں بلند مقامات پر پانچ ستاروں والے سرخ رنگ کے قومی پرچم کو لہرایا جائے۔ یاد رہیکہ مسلم ممالک میں جس طرح گذشتہ ہفتہ مقدس ماہ رمضان کا آغاز ہوا ہے، چین میں بھی مسلمانوں نے مقدس مہینہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ اسوسی ایشن کے بیان کے مطابق مساجد پر قومی پرچم لہرانے سے حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ حاصل ہوگا۔ خصوصی طور پر مسلمانوں کے تمام نسلی گروپ کو ایسا کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں مساجد انتظامیہ کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہیکہ وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) کے سماجی اقدار کو بھی عوامی سطح پر مساجد میں روشناس کرائے تاکہ ہر آنے والا مسلم چینی CPC کے نظریات سے واقف ہوسکے۔ چین میں اس وقت 20 ملین مسلمان آباد ہیں جنہیں اب چینی دستور کی تعلیم بھی مساجد بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ملک کے دستور سے لاعلم نہ رہیں۔ یاد رہیکہ چین میں صرف پانچ مذاہب کو سرکاری طور پر مسلمہ قرار دیا گیا ہے۔ بدھیزم، کیتھولوسیزم، پروٹسٹنیئزم، تاؤازم اور اسلام۔ ملک کے دستور میں ان تمام مذاہب کے تحفظ کی طمانیت دی گئی ہے۔