بیجنگ ۔23 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر چین ژی جنگ پنگ نے آج پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ تعلقات میں کشیدگی کم اور ترقیات پر زائد توجہ مرکوز کی جائے گی جبکہ چین کے ترقیاتی عمل کو اگر دیگر ممالک اپنے لئے ’’خطرہ ‘‘ سمجھتے ہیں تو اس کیلئے بھلا ہم کیا کرسکتے ہیں۔ مسٹر ژی جنگ پنگ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پڑوسی ممالک تشویش میں ضرور مبتلا ہیںلیکن اس سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ تشویش کو کس طرح کم کیا جائے ۔ منگولیا کی پارلیمنٹ سے خطاب میں یہ بات کہی ۔ مسٹر ژی جنگ پنگ کے مطابق چین کی ترقی سے کچھ پڑوسی ممالک کے علاوہ دیگر مغربی ممالک کے سینے پر بھی سانپ لوٹ رہے ہیں کہ آخر چین آگے چل کر ترقی کرتے ہوئے اُن کیلئے خطرہ نہ بن جائے ۔