چین میں 32 ہزار فٹ کی بلندی پر مسافر طیارے کا ونڈ اسکرین ٹوٹ گیا

بیجنگ ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین کے مسافر بردار طیارے کی دورانِ پرواز 32 ہزار فٹ بلندی پر ونڈ اسکرین ٹوٹنے کے باعث ہچکولے کھاتے جہاد کو پائیلٹ نے مہارت کے ساتھ زمین پر اُتار لیا۔ چینی فضائی کمپنی کے ایربس A319 طیارے کی ونڈ اسکرین دھماکے سے پھٹ گئی جس کے باعث معاون پائلٹ کاک پٹ سے باہر کی جانب کھینچا چلا جارہا تھا جب کے جہاز ہچکولے کھانے لگا۔ طیارہ تیزی سے 24,000 فٹ نیچے کی جانب آنے لگا جبکہ انتہائی شور کی وجہ سے کنٹرول ٹاور کی آواز بھی سنائی نہیں دے رہی تھی تاہم اس دوران پائیلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کردی۔ مسافر طیارے میں 119 افراد سوار تھے جو پائلٹ کی حاضر دماغی اور مہارت کے باعث محفوظ رہے۔