بیجنگ،30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین میں ڈرون کے ذریعہ اسمارٹ فون کی اسمگلنگ کرنے والے ایک گروہ کا انکشاف ہوا ہے جو ہانگ کانگ سے شین جین کے درمیان اسمارٹ فون کی اسمگلنگ کے لئے ڈرون کا استعمال کرتا تھا۔چین کے سرکاری اخبار نے یہ اطلاع دی۔ انتظامیہ نے ڈرون سے اسمگلنگ کے الزام میں 26مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ یہ گروہ ڈرون کو 200میٹر کی اونچائی تک اڑاکر پچاس کروڑ کے آئی فون کی اسمگلنگ کرچکا ہے ۔ شین جین اور ہانگ کانگ کے محکمہ ریونیو نے اس گرو ہ کا انکشاف کیا ہے ۔شین جین کے محکمہ ریونیو نے کل ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ چین میں یہ اس طرح کا پہلا معاملہ ہے جس میں سرحد پار اسمگلنگ کے لئے ڈرون کا استعمال کیا گیا ہے ۔محکمہ ریونیو کی رپورٹ کے مطابق اسمگلر نصف رات کے بعد محض کچھ ہی سیکنڈ میں تھیلہ میں دس آئی فون رکھ کر ڈرون کے ذریعہ اسمگل کردیتے تھے اس طرح سے ایک رات میں پندرہ ہزار فون کی اسمگلنگ کی جاسکتی تھی۔دنیا میں سب سے زیادہ ڈرون بنانے والے چین پر ہی اب اس کے غلط استعمال کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔