چین میں مزید بارش کی پیش قیاسی

بیجنگ ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی چین جہاں سیلاب کی وجہ سے سے ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں ان کے مصائب میں اضافہ کا اشارہ دیتے ہوئے محکمہ موسمیات نے تیز بارش اور ژالہ باری کی پیش قیاسی بھی کی ہے جو آئندہ تین دنوں کے اندر دریائے یانگسی کے خطوں میں ہوگی جبکہ منگل اور چہارشنبہ کیلئے شیزوان، ہنان، ہوبئی، ان ہوئی، جیانگسو اور شنگھائی میں سب سے زیادہ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جو 130 ملی میٹر تک پہنچ سکتی ہے۔ بارش سے مربوط دیگر واقعات جیسے ژالہ باری اور سیلاب سے 27000 افراد ہنان میں اور 40,000 افراد گوانگ دانگ صوبہ میں بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ 8 افراد کے ہلاک ہوجانے کی بھی اطلاع ہے اور چھ لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

 

ایران نے پاکستان سے اشیاء خوردونوش کی تجارت روک دی
چاغی۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام)  دوست ملک ایران نے پاکستان سے اشیا خوردونوش کی تجارت روک دی ۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی حکام کی جانب سے پاکستانی اشیا خوردونوش کی تجارت روکنے کے خلاف مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کیا جس پر ایرانی حکام نے پاک ۔ایران تجارتی گیٹ بند کردیا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے گیٹ بند کرنے کی وجہ سے پاک ایران دو طرفہ کاروباری سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں-