بیجنگ۔ 20؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ جنوبی چین کے صوبہ ہونانگ میں ایک بس کے ساتھ الکحل منتقل کرنے والے ٹینکر کے تصادم سے کم از کم 43 افراد ہلاک اور دیگر 6 زخمی ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کی خبروں کے بموجب ایک ویان میں الکحل لدی ہوئی تھی۔ اس کے پچھلے حصہ سے ایک مسافر بس ٹکراگئی جسکے نتیجہ میں دونوں گاڑیوں میں شعلے بھڑک اُٹھے اور اطراف و اکناف کی 5 گاڑیاں آگ کی زد میں آگئیں۔ اس حادثہ سے جملہ 43 افراد ہلاک اور دیگر 6 زخمی ہوگئے۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ’ژنہوا‘ کے بموجب حادثہ کے ساتھ ہی زبردست دھماکہ سنائی دیا تھا۔ یہ مقامی افراد کے بموجب کسی جوہری بم کے دھماکہ جیسا تھا۔ زخمیوں کو علاج کے لئے فوری قریبی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ تحقیقات جاتی ہیں۔ اندیشہ ہے کہ بس ڈرائیور نے بروقت بریک نہیں لگائے تھے جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔