چین میں زہریلی گیس سے 9افرادہلاک

بیجنگ ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شبہ کیا جاتا ہے کہ زہریلی گیس کی وجہ سے جنوب مغربی چین کے ایک دیہات میں 9 افراد کی جانیں ضائع ہوگئیں۔ ذرائع ابلاغ کے بموجب یہ واقعہ کل صوبہ ہوئی ژو میں پیش آیا۔ مقامی عہدیداروں کے بموجب وینی کاؤنٹی کے ایک عہدیدار نے اطلاع دی ہے کہ مہلوکین کی نعشیں ایک مکان سے دستیاب ہوئیں۔ ایک دیہاتی نے جس کا نام ژانگ زیلانگ ہے اُس مکان میں نعشیں موجود ہونے کی اطلاع دی تھی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ سیال گیاس کا اخراج اِس موت کی وجہ ہے۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ چین میں صنعتی ترقی کے باوجود حفاظتی انتظامات کی قلت ہے۔ کانکنی اور دیگر حادثات میں سالانہ کئی افراد کی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔

فلپائن میں نئے سال کے موقع پر بم دھماکہ، 6 افراد ہلاک
زامبو انگا۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نئے سال کی شام دھماکو صورتحال والے جنوبی فلپائن کے ایک جزیرہ پر بم حملہ کی وجہ سے سال نو کا جشن منانے والے کم از کم 6 افراد ہلاک اور دیگر 6 زخمی ہوگئے۔ ترقی یافتہ دھماکو آلہ کے ذریعہ قصبہ سومی سپ کے کیتھولک چرچ کے قریب دھماکہ کیا گیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ القاعدہ سے الحاق رکھنے والے ابو سیاف عسکریت پسندوں نے یہ حملہ کیا تھا۔ فوج کے ترجمان کیپٹن جیفرسن نے کہاکہ فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر اِن ہنگامی حالات میں انتظام سنبھال لیا ہے اور مقامی شہریوں سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ حکومت حامی نیم فوجی رضاکاروں اور چرچ کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔ گزشتہ سال ابو سیاف نے گھات لگاکر حملہ کرتے ہوئے 6 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔