بیجنگ۔26جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چین میں بگولوں کے طوفان سے جو دو دن قبل صوبہ جیانگ سومیں آیا تھا ‘ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 99ہوگئیں جبکہ 846 زخمی ہیں ۔ ایک طاقتور بگولوں کا طوفان اور ژالہ باری شہر یان چنگ کے کھیتوں اور کارخانوں کو نشانہ بناکر ہوئی تھی جس کی وجہ سے کئی مکان تباہ ہوگئے ‘ برقی ستونوں کو نقصان پہنچا اور ایک شمسی پیانل کی فیاکٹری تباہ ہوگئی جہاں پر خطرناک کیمیائی مادوں کا ذخیرہ تھا ۔ مقامی حکومت نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ 1591 افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور عارضی پناہ گاہوں میں جو دیگر دو صوبوں میں قائم کئے گئے ہیں مقیم ہیں ۔کارکن برقی تاروں کی اور پانی کے ذخائر اور مواصلاتی کارخانوں کی مرمت کے لئے روانہ کردیئے گئے ہیں ۔ زخمیوں میں سے 107کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ 152 شدید زخمی ہیں ۔ نائب میئر یان جنگ شہر ژیاؤڈان نے کہا کہ چین کے محکمہ موسمیات نے توثیق کی ہے کہ پی ایف۔4 بگولوں کا طوفان جس کے ساتھ 73میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے آندھی چل رہی تھی اس تباہی کا ذمہ دار ہے ۔ اس طوفان کو راڈار پر دیکھا گیا اور طوفان کے مقام کی تلاش شروع کردی گئی تھی ۔ بحری جہاز ساحل پر آکر اُلٹ گئے کیونکہ مواصلاتی مینار مڑگئے تھے ‘ اس سے بگولوں کی طاقت کا اندازہ لگایا جاسکتاہے ۔ پرائمری اسکول کے ایک ٹیچر نے قیف کی شکل کے ایک بادل کا ویڈیو ریکارڈ کیا ہے جو اس اہم بگولوں کے طوفان کی نشانی ہے ۔ اس نے اسمارٹ فون پر یہ ویڈیو ریکارڈ کیا ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ’’ژن ہوا ‘‘ نے اس کی خبر دی ہے ۔