بیجنگ۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ جنوبی چین میں آج ایک چاقو سے مسلح خاتون نے اندھادھند چاقو زنی کی وارداتوں کا ارتکاب کیا جس میں کم از کم ایک بچہ ہلاک ہوگیا۔ کمسن بچوں پر چاقو سے حملے کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔ 40 سالہ خاتون باورچی خانہ میں استعمال کئے جانے والے چاقو سے مسلح تھی، اس نے شہر بی ہائی میں دو بچوں پر آج صبح حملہ کیا۔ ایک 3 سالہ لڑکا برسرموقع ہلاک ہوگیا جب کہ ایک 9 سالہ لڑکی ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ مقامی عہدیداروں نے یہ انکشاف نہیں کیا کہ کیا یہ خاتون ان بچوں کی رشتہ دار ہے؟ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ خاتون ذہنی بیمار تھی۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ’ژنہوا‘ کے بموجب بے قصور شہریوں خاص طور پر بچوں پر ناراض افراد کے چاقو سے حملے چین میں حالیہ برسوں میں انتہائی عام ہوگئے ہیں۔ ستمبر میں گوانگزی میں ایک شخص نے 4 طلبہ کو ہلاک کردیا تھا جب کہ وہ اسکول جارہے تھے۔