بیجنگ ۔ 26اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے شمال مشرقی چین کے ایک ہوٹل کے مالک کو گرفتار کرلیا جب کہ ایک مہلک آتشزدگی سے 19افراد ہلاک اور دیگر 23 زخمی ہوگئے ۔ مالک جس کا نام جان متوطن بیجنگ بتایا جاتاہے ۔ ہاٹ اسپرنگ لیزر ہوٹل کا ضلع سونگ بی سیاحتی مرکز ہاربن کا مالک تھا ۔ اس سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ’’ ژن ہوا ‘‘ کے حوالہ سے اطلاع دی ہے کہ مہلک آتشزدگی کا آغاز کل دن کی اولین ساعتوں میں ہوا ۔ آتش فرو عملہ نے 80 سے زیادہ افراد کا محفوظ تخلیہ کرایا اور 20افراد کو جو ہوٹل میں پھنس گئے تھے بچالیا ۔ آگ کو ساڑھے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بجھادیا گیا ۔ ہوٹل کے ملبہ سے 18نعشیں برآمد ہوئی ہیں اور ایک شخص کو دواخانہ منتقلی پر مردہ قرار دیا گیا ۔ جملہ 23 افراد زخمی اور مقامی دواخانوں میں زیرعلاج ہیں ۔ آتشزدگی کی وجہ اور متاثرین کی شناخت ہنوز معلوم نہیں ہوسکی ۔ 100سے زیادہ آتش فرو عملہ اور 30فائرانجن مقام حادثہ پر روانہ کئے گئے تھے ۔