چین: جہاز ڈوبنے سے اموات کی تعداد 77 ہو گئی

بیجنگ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری خبررساں ایجنسی ’زنہوا‘ نے جمعرات کو کہا کہ حادثہ کا شکار جہاز کے مرکزی حصے کو کاٹنے کے بعد 42 مزید نعشیں ملی ہیں، جس سے مرنے والوں کی تعداد 77 ہو گئی ہے۔وسطی چین میں امدادی کارکنوں نے دریائے یانگزے میں ڈوبنے والے ایک مسافر جہاز سے مزید درجنوں لاشوں کو برآمد کر لیا ہے۔ اب زندہ بچ جانے والوں کو ڈھونڈنے کی امید معدوم ہوتی جارہی ہے۔پیر کو سخت خراب موسم میں ڈوبتے ہوئے جہاز سے صرف 14 افراد کو زندہ بچایا جا سکا۔ متعدد عمر رسیدہ افراد سمیت 400 کے قریب مسافر ابھی تک لاپتہ ہیں۔حکام کی طرف سے جہاز کے ملبے میں مزید لاشوں کی تلاش کے بعد مرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ امکان ہے کہ یہ واقعہ چین میں کئی دہائیوں کے بعد ہونے والا سب سے مہلک بحری حادثہ ثابت ہو گا۔بیجنگ نے بچ جانے والوں کو ڈھونڈنے کے لیے بھرپور کوششوں کا وعدہ کیا ہے۔ تاہم ابھی بھی حکام لاپتہ مسافروں کے کئی اہلِ خانہ کو مطمئین نہیں کر سکے جو ان کی جانب سے معلومات کے فقدان پر ناخوش ہیں۔لاپتہ مسافروں کے درجنوں اہل خانہ نے چہارشنبہ کی شام جائے حادثہ کی طرف مارچ کرتے ہوئے پولیس کے حصار کو توڑ دیا۔ وہ حکام سے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کا مطالبہ کر رہے تھے۔چینی حکام نے بچاؤ کی کوششوں کے بارے میں معلومات کو سختی سے کنٹرول کر رکھا ہے، مگر انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ متاثریں کے اہل خانہ کو جمعرات کی شام جائے حادثہ پر جانے کی اجازت دیں گے۔