چین: آپریشن میں 28 ’دہشت گرد‘ ہلاک

بیجنگ۔ 21 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) چینی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے سنکیانگ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد گروپ سے تعلق رکھنے والے 28 اراکین کو ہلاک کردیا ۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ ستمبر میں اکسو میں کوئلے کی کان پر حملے کے دوران 16 افراد کے قتل میں ملوث حملہ آوروں کی تلاش کا کام 56 روز سے جاری تھا۔  کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ مذکورہ حملے اور اس کے بعد کی کارروائی کے حوالے سے یہ پہلا سرکاری بیان منظر عام پرآیا ہے۔ کوئلے کی کان میں ہونے والا قتل ایک دہشت گردی کا حملہ تھا جو کہ غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کے براہ راست حکم پر کیا گیا۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی نے خبر دی کہ حملہ آوروں کے رہنما کی شناخت موسیٰ اور مامت عیسیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے اور دونوں ہی بظاہر ایگوروں نام ہیں۔واضح رہے کہ مذکورہ رپورٹ امریکی سرمائے سے چلنے والے ریڈیو فروی ایشیا (آر ایف اے) کے جاری بیان کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ستمبر میں اکسو کے علاقے میں ایک کوئلے کی کان میں چاقو سے حملہ کر کے 5 پولیس اہلکاروں سمیت 50 افراد کو ہلاک کردیا گیا تھا۔