چین اور پاکستان ’’آہنی دوست‘‘ ، 20 معاہدوں کو قطعیت

بیجنگ ۔ 8 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ’’آہنی دوست ‘‘ کہے جانے والے چین اور پاکستان نے آج باہمی طورپر ایک دو نہیں بلکہ 20 معاہدوں کو قطعیت دی ہے جس کے ذریعہ ایک رپورٹ کے مطابق چین 46 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کرے گا کیونکہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے چینی قیادت کے ساتھ یہاں تفصیلی بات چیت کی ہے ۔ نیبرہڈ لیڈرس کانفرنس میں شرکت کیلئے نواز شریف اس وقت چین کے دورہ پر ہیں چین نے اس کانفرنس کا اہتمام ایشیا پیسفیک اکنامک کوآپریشن (APEC) قائدین کے اجلاس کے ساتھ ہی نیبرہڈ لیڈرس کانفرنس کے ذریعہ صدر چین شی جن پینگ اور وزیراعظم لی کیگیانگ سے بات چیت کی ہے ۔ اس موقع پر شی جن پینگ نے چین اور پاکستان کو ’’آہنی دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے نواز شریف کو تیقن دیا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تعاون کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسے مزید مستحکم کریں گے ۔یاد رہے کہ شی جن پینگ نے ماہ ستمبر میں جنوبی ایشیاء کے دورہ کے دوران اسلام آباد کا دورہ صرف اس لئے منسوخ کردیا تھا کہ اُس وقت وہاں حکومت اور اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان زبردست ٹکراؤ چل رہا تھا جس میں خصوصی طورپر عمران خان کی تحریک انصاف پارٹی وزیراعظم نواز شریف پر مبینہ طورپر انتخابی دھاندلیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اُن کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہی تھی ۔