چین امن پسند ملک ، صدر جن پنگ کا آسٹریلیا میں خطاب

کینبرا ۔ 17 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام) چینی صدر شی جن پنگ نے کہاکہ بیجنگ حکومت اپنے مقاصد کے حصول کیلئے ہمیشہ پر امن طریقہ ہی استعمال کرے گی۔آسٹریلیائی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن میں ہی نجات ہے۔ جن پنگ کی طرف سے یہ تازہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کچھ دن قبل ہی امریکی صدر براک اوباما نے ایشیا میں خطرناک تنازعات کے ابھرنے سے خبردار کیا تھا۔ شی جن پنگ نے آج آسٹریلیا کے ارکان پارلیمان سے خطاب میں ان تاثرات کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ بیجنگ حکومت علاقائی سطح پر کوئی تنازعہ چاہتی ہے۔ شی جن پنگ سے قبل 2003ء میں چینی صدر ہو جن تاؤ نے آسٹریلوی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس اہم خطاب میں جن پنگ نے واضح کیا، ’’پْرامن ترقی کیلئے چین کا عزم غیر متزلزل ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ نہ تو تنازعات اور نہ ہی جنگ، چینی عوام کے بنیادی مفادات کے حصول میں کارگر ثابت ہو سکتے ہیں۔ چینی صدر نے تاریخ کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کوئی بھی فریق تنازعات سے فائدہ حاصل نہیں کر سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر معاملے پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ گزشتہ تیس برس کے دوران چین میں ہونے والی اصلاحات کی وجہ سے بے پناہ ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مزید ترقی کی گنجائش موجود ہے۔چین اور آسٹریلیا کے مابین ایک دہائی سے جاری مذاکرات کے بعد آزاد تجارت کا یہ معاہدہ طے پایا ہے۔