چینی کوئلہ کان میں آتشزدگی ، 26 ہلاک ، 50 زخمی

بیجنگ۔ 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 26 کارکن ہلاک اور دیگر 50 زخمی ہوگئے جبکہ ایک کوئلہ کی کان میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ چین کے شمال مشرقی صوبہ لیاؤ ننگ میں زلزلہ کے فوری بعد کوئلہ کان میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ یہ حالیہ برسوں میں ملک کا سب سے ہولناک حادثہ تھا۔ کوئلہ کی کان میں آگ علی الصبح دیکھی گئی۔ آگ میں جھلس جانے والے 26 کانکن مقام حادثہ پر ہی فوت ہوگئے۔ 50 زخمیوں کو دواخانہ میں شریک کردیا گیا۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ژنہوا نے اطلاع دی ہے کہ بچاؤ کارروائی ختم ہوچکی ہے۔ زیرعلاج افراد میں سے بیشتر جھلس جانے سے زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 30 کی حالت نازک ہے ۔ دیگر افراد دم گھٹنے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے تھے۔ انہیں بھی دواخانہ میں شریک کرلیا گیا۔