چینی سی ایف او کی گرفتاری پر چین کا امریکی سفیر سے احتجاج

بیجنگ ۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے اتوار کے روز امریکی سفیر کو طلب کرتے ہوئے چین کی الیکٹرانک اشیاء تیار کرنے والی بڑی کمپنی ہواوئی کی سینئر ایگزیکیٹیو کی کینیڈا میں ہوئی گرفتاری کے خلاف سخت احتجاج کیا جو مبینہ طور پر امریکہ کی ایماء پر کی گئی ہے۔ چین نے امریکی سفیر سے مطالبہ کیا کہ سینئر ایگزیکیٹیو کی گرفتاری کے حکم کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق چینی نائب وزیرخارجہ لی یو چنگ نے امریکی سفیر ٹیری برانسٹاڈ کے روبرو ہواوئی کمپنی کی چیف فینانشیل آفیسر مینگ وانزو کی گرفتاری پر احتجاج کیا ہے جن کے بارے میں کہا جارہا ہیکہ انہوں نے ایران پر چینی تجارتی تحدیدات کو ختم کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہیں کینیڈا کے شہر وینکوور کے ایرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک طیارہ میں سوار ہونے والی تھیں۔ بعدازاں کینیڈا کے سفیر متعینہ بیجنگ کو بھی طلب کرتے ہوئے مینگ وانزو کی گرفتاری کیلئے سنگین نتائج کا انتباہ دیا گیا۔