چینائی ایرپورٹ پر فرضی کال سے سنسنی

چینائی ۔ 27 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام)پچھلے دو دن کے دوران یہ دوسری بار ہے ، جب ایرپورٹ حکام کو ایک فرضی کال کے ذریعہ بم دھماکہ کی جھوٹی اطلاع دی گئی جس کے فوری بعد ایرپورٹ احاطہ میں سیکوریٹی سخت کردی گئی اور 20 مختلف مقامات پر سامانوں کی تلاشی لی گئی۔ پولیس ذرائع نے آج یہ بات بتائی۔ ذرائع کے مطابق ڈائرکٹر آف چینائی ایرپورٹ نے 5.30 بجے صبح ایک فرضی کال موصول ہوا جس میں ایک خودکش دھماکہ کی اطلاع دی گئی جس کے بعد شہری ہوابازی اور سیکوریٹی عملہ کو فوری الرٹ کردیا گیا اور تمام احاطہ میں سیکوریٹی سخت کرتے ہوئے 20 مختلف مقامات پر تلاشی کارروائی انجام دی گئی۔ تاہم تلاشی کارروائی کے باوجود یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔

اروناچل میں سیلاب کی صورتحال میں بہتری
ایٹا نگر ۔ 27 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) اروناچل پردیش کے مختلف علاقے میں گمشتہ دنوں آئے سیلاب کے بعد آج صورتحال میں کسی حد تک بہتری دیکھی گئی ہے جہاں تقریباً تمام ندیوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح پہلے کے مقابلے میں بتدریج کمی درج کی جارہی ہے ۔ ایک سرکاری عہدیدار نے آج بتایا کہ گزشتہ روز سے موسم میں بھی بہتری پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔ چیف منسٹر ناہم نکی نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں ریاست کے حالات سے آگاہ کیا اور کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے یہاں کی بارش سے تباہ کن صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ امداد فراہم کریں۔