حیدرآباد 19 اگسٹ (آئی این این) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے منگل کی شب سنگاپور کے دورہ پر روانگی سے قبل اِس یقین کا اظہار کیاکہ وہ تلنگانہ میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے کامیاب ترغیب دیں گے۔ کے سی آر نے اپنی زندگی کے اوّلین بیرونی دورے کے موقع پر ایک سوال پر جواب دیا کہ وہ سنگاپور میں تلنگانہ کے لئے مارکٹنگ کریں گے۔ مسٹر راؤ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی این این کے قدیم طلبہ) کی انجمن کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں جس میں وزیر فینانس ایٹالا راجندر اور دوسرے شامل ہیں۔ یہ کانکفرنس 22 اور 23 اگسٹ کو منعقد ہورہی ہے جس میں سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسین لونگ اور دیگر سرکردہ شخصیات شرکت کریں گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چندرشیکھر راؤ نے اپنی زندگی میں اِس سے قبل کبھی کسی بیرونی ملک کا دورہ نہیں کیا ہے اور حقیقت تو یہ ہے کہ اُن کے پاس چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوجانے کے باوجود بھی پاسپورٹ نہیں تھا اور گزشتہ ہفتہ ہی اُنھوں نے اپنا پاسپورٹ بنوایا ہے۔